سلمان خان 56 ویں سالگرہ

سلمان خان آج اپنی 56 ویں سالگرہ منارہے ہیں

سپر اسٹار سلمان خان آج اپنی 56 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ہر سال بالی ووڈ کے بھائی جان کے گھر کے باہر شائقین ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں اور ان کے خصوصی دن پر ان کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اس سال سلمان نے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ گلیکسی کے باہر جمع نہ ہوں۔

سلمان خان 27 دسمبر 1965 کو ممبئی میں پیدا ہوئے سلمان خان کا حقیقی نام عبدالرشید سلیم ہے۔ ان کے والد سلیم خان فلم انڈسٹری کے ایک مشہور اسکرپٹ رائٹر اور ڈائیلاگ رائٹر ہیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے سلمان خان کی دلچسپی بھی فلموں کی جانب ہوگئی اور وہ اداکار بننے کا خواب دیکھنے لگے۔ سلمان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1988 میں ریلیز فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا تھا حالانکہ اس فلم میں ان کا کردار چھوٹا سا تھا۔ سال 1989 میں سلمان خان کو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ نوجوان محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ سورج بڑجاتيہ کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور سلمان خان کو فلم فیئر کے ڈیبواداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شائقین کے درمیان اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔

بالی ووڈ میں سلمان خان کا نام ان اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً ڈھائی دہائیوں سے اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا ہے۔