سیکیورٹی فورسز کے ٹانک اور میر علی میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے، آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ ٹانک میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ جن کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے ناموں سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پرھیں:میدان کی پہاڑیوں سے اسلحہ برآمد، ٹی ٹی پی کا مطلوب کمانڈر گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق میرعلی میں بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران 4 فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ شہداء میں حوالدار منور عمر 40 سال سکنہ بہاولنگر، سپاہی ذکاء اللہ عمر 31 سال سکنہ لکی مروت، سپاہی فرحان عمر 34 سال سکنہ کوہاٹ اور سپاہی شیراز عمر 30 سال سکنہ ایبٹ آباد شامل ہیں۔