ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا افتتاح، وزیراعظم کا پسماندہ علاقوں کی ترقی کا دعوٰی

ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا افتتاح، وزیراعظم کا پسماندہ علاقوں کی ترقی کا دعوٰی

وزیراعظم عمران خان نے آج اسلام آباد میں دو سوترانوے کلو میٹر طویل ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوِئے وزیراعظم نے حکومت کے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مغربی حصے میں رابطے کوبہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کو شاہراہوں کے ساتھ منسلک کرنے سے انقلاب آئے گا اور یہ انقلاب ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے کے پی بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ بتا دی

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے گوادر کے ماہی گیروں کے مطالبات کا نوٹس لے لیا

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری [سی پیک] کے تحت مغربی روٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے متعدد ثمرات حاصل ہوں گے اور پسماندہ علاقوں کی معاشی ترقی یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی پرواہ کیے بغیر موجودہ حکومت نے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے پچھلی حکومت کے مقابلے کم لاگت میں مکمل کیے ہیں۔

وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پیسہ کمانے کے لیے سڑکیں تعمیر کی گئیں جبکہ بلوچستان جیسے خطوں کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن میں کمی آئی ہے۔

واضح رہے کہ 293 کلومیٹر طویل ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اربوں ڈالر مالیت کے سی پیک منصوبے کا حصہ ہے جہاں پر گیارہ انٹرچینج،36 پل، 33 فلائی اوور اور119 انڈر پاس تعمیر کئے گئے ہیں۔ ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے نتیجے میں شمالی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے علاقے کاروباری مرکز بنیں گے، جبکہ بڑی منڈیوں تک زرعی اجناس کی ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔