روسٹ مچھلی بنانے کی ترکیب

سردی کے موسم میں مزیدار مچھلی بنائیں

مچھلی بہت سے اہم غذائی اجزاء کا ذریعہ ہے جس میں اومیگا۔3، وٹامن ڈی اور سیلینیم قابل ذکر ہیں۔ پروٹین بھی مچھلی کا ایک اہم حصہ ہے۔ خاص طور پر اومیگا۔3 ہمارے دل کیلئے بہت مفید ہے اور ہارٹ ریٹ اور بلڈ پریشر میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کی مقدار میں کمی کا بھی باعث بنتا ہے اور نتیجتا عارضہ دل اور سٹروک جیسی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔ فوائد کے ساتھ ساتھ چند احتیاطی تدابیر پر بھی عمل لازمی ہے۔ جو افراد مچھلی کھانے سے گریزاں ہیں انہیں اس کے کھانے سے فوائد و نقصانات کے تناسب کا اندازہ کرنے کے بعد اس چیز کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ ہم آپ کے ساتھ روسٹ مچھلی کی ترکیب شیئر کر رہے ہیں۔

اجزاء:

  1. مچھلی (پاپلیٹ یا سرمئی) آدھا کلو
  2. لہسن پیسٹ آدھا کھانے کا چمچ
  3. سفید زیرہ پسا ہوا آدھا کھانے کا چمچ
  4. سرخ پسی مرچ آدھا کھانے کا چمچ
  5. سویا ساس آدھا کھانے کا چمچ
  6. ہلدی آدھا چائے کا چمچ
  7. آٹا 1 کپ
  8. نمک حسب ذائقہ
  9. لیموں 1 عدد
  10. سفید سرکہ پاؤ کپ
  11. تیل 1 کپ
  12. آلو آدھا کلو چپس کی طرح کاٹ لیں

ترکیب

  • نمک اور سفید سرکہ مچھلی کے ٹکڑوں پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں
  • پھر ہلدی، لہسن ،زیرہ پاؤڈر مرچ پاؤڈر سویا ساس نمک اور لیموں کا رس ان تمام اجزاء کو کسی باؤل میں ڈال کر مکس کر کے پیسٹ بنا لیں
  • آدھے گھنٹے بعد مچھلی دھو کر اچھی طرح مصالحہ پیسٹ اس پر لگا کر 2 گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں
  • کڑھائی میں تیل ڈال کر گرم کریں پھر مچھلی کر پیسیز پر آٹا لگا کر ڈیپ فرائی کرلیں اور چپس فرائی کر کے مزیدار فرائی مچھلی چٹنی اور چپس کے ساتھ سرو کریں۔