عثمان مرزا کیس پیروی ریاست کرے

عثمان مرزا کیس کی پیروی ریاست کرے گی، ملزمان کو سزا دے گی: وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عثمان مرزا ہراسانی کیس اور لاہور موٹروے ریپ کیس میں باقاعدہ فالو اپ رپورٹس ان کو فراہم کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہر صورت میں ان مقدمات کی پیروی کرے گی اور ملزمان کو سخت سزا دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان مرزا کیس: متاثرہ لڑکی اور لڑکے کا یو ٹرن، ملزمان کو پہچاننے سے انکار

یہ بھی پڑھیں: لڑکی،لڑکےپرتشدد کا کیس،عثمان مرزاسمیت چاروں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پرجیل منتقل

واضح رہے کہ عمران خان کا یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب اسلام آباد کے ایک جوڑے، جو کہ جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کا شکار ہیں، اپنے بیانات سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں مکر گئے اور مرکزی ملزم عثمان مرزا کی شناخت کرنے سے انکار کر دیا۔

گذشتہ سال جولائی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو کیس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی تھی۔