پشاور کے دو کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر رواں مالی سال میں بھی مکمل ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی سست روی جبکہ حیات آباد سٹیڈیم کیلئے مختص رقم کم ہونے کی وجہ سے منصوبے رواں برس مکمل ہونے کا امکان کم ہے، محکمہ کھیل ذرائع کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور رواں برس اس منصوبے کیلئے 90 کروڑ روپے جاری بھی کئے گئے ہیں. تاہم اس سٹیڈیم کیلئے بیرون ملک سے سامان درآمد کیا جانا ہے جس کیلئے مزید وقت درکار ہو گا،
ذرائع کے مطابق حیات آباد سٹیڈیم میں کام کافی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے تاہم رواں مالی سال اس منصوبے کیلئے قلیل رقم مختص کی گئی ہے جس کے باعث دیگر منصوبوں سے رقم منتقل کرکے اس منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس منصوبے کی تکمیل بھی بظاہر رواں برس مشکل .لگ رہی ہے، ذرائع کے مطابق محکمہ کھیل رواں مالی سال یعنی جون تک منصوبوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا تھا. تاہم اب اس کے امکانات معدوم ہیں
جس کے باعث آئندہ برس میں ان کی تکمیل کیلئے نئی ڈیڈ لائن مقرر کی جائیگی۔ واضح رہے کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کو دسمبر 2020 جبکہ حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کو جنوری 2021 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کو صرف 4 ماہ میں تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا. جو ڈیڑھ سال بعد بھی زیر تعمیر ہے ۔