پشاور میں آوارہ کتوں کی بہتات

پشاور میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہری خوف کے مارے گھروں میں مقید

پشاور کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بلدیات نے پشاور کے شہریوں کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ،پشاور کی گلیوں اور چوراہوں میں آوارہ کتوں کے گروہ شام ڈھلتے ہی کمان سنبھال لیتے ہیں اور پشاور کے شہری اپنے گھروں سے نکلتے ہوئے بھی خوف کھاتے ہیں۔

پشاور کے مختلف علاقوں یونیورسٹی ٹائون، ہشتنگری، فردوس، اعجاز آباد، افغان کالونی، بلال ٹائون، گھنٹہ گھر، تحصیل گورگٹھڑی، حیات آباد، میلاد چوک ،پلوسی ،ارباب روڈ، نوتھیہ، گلبرگ ، سفید ڈھیری، اکیڈمی ٹائون اور پشاور یونیورسٹی کے احاطے میں بھی شام ڈھلتے ہی 8 سے 10آوارہ کتوں کے گروہ نکل آتے ہیں اور موٹر سائیکل سواروں ، پیدل اور گاڑیوں پر بھونکنے سمیت انہیں کاٹتے بھی ہیں شہریوں کے مطابق علاقے میں دنبے اور بکرے کے سائز کے آوارہ کتوں سے خوف و ہراس بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کو بھی شام ڈھلتے گھر تک محدود کردیا گیا ہے کئی مقامات پر آوارہ کتوں کے شہریوں کو کاٹنے کی اطلاعات بھی آئی ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بلدیات کے ذیلی اداروں چاروں ٹائونز، کنٹونمنٹ بورڈ، اور سینی ٹیشن کمپنی پشاور نے بھی چپ سادھ لی ہے اور شہریوں کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، مولانا فضل الرحمان