رکشے فان گیس سلنڈر پر منتقل

رکشے فان گیس سلنڈر پر منتقل،نئے بحران اور نرخ بڑھنے کا خدشہ

پشاور میں سی این جی بحران کے باعث ہزاروں رکشے دوبارہ فان گیس سلنڈر پر منتقل کردیئے گئے ہیں، گذشتہ ایک ہفتے سے سڑکوں پر سرعام سلنڈر بھرے جا رہے ہیں جس پر کوئی روک ٹوک نہیں، اس صورتحال میں شہر کے مختلف علاقوں میں گیس ڈیلرز کے پاس سٹاک کا بھی بحران پیدا ہو رہا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں گیس کی قیمتیں بھی بڑھنے کا خدشہ ہے، رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ سی این جی کٹس میں فان گیس استعمال ہو سکتی ہے اس لئے مجبوراً رکشوں میں دوبارہ سے فان گیس سلنڈر نصب کردیئے گئے ہیں کیونکہ پیٹرول پر رکشہ چلانے میں انہیں خسارے کا سامنا ہے، سی این جی سٹیشن کھلنے کے بعد فان گیس سلنڈر ہٹالئے جائیں گے، رکشہ ڈرائیوروں کے اس عمل سے شہر میں فان گیس کی فروخت میں یکدم اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں گیس ڈیلرز کے پاس موجودہ سٹاک کمرشل بنیادوں پر استعمال بڑھنے سے ختم ہورہا ہے اس لئے آئندہ ایک دو روز میں قیمتیں بھی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، دوسری طرف ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکشوں میں فان گیس سلنڈر کے استعمال پر پابندی ہے اور اس کی کسی صورت بھی اجازت نہیں، اب تک درجنوں رکشوں سے سلنڈر اتارے گئے ہیں، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ رکشہ ڈرائیورز نے خودساختہ طور پر بڑھائے گئے کرایوں میں کمی کیلئے تیار نہیں اور وہ بدستور دوہرے کرائے وصول کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بجلی بقایاجات کی عدم ادائیگی پر 12 سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع