پرانی پشاوری ڈش پیں / برسنڈے

پیں، برسنڈے پرانی اور روایتی پشاوری ڈش

پشاور اور خیبرپختونخوا کی یہ سبزی جسے ہندکو میں پیں کہتے اور پٹھان برسنڈے کہتے ہیں، یہ کنول کی جڑیں ہوتی ہیں اسکو کنول ککڑی بھی کہتے ہیں۔ بھے ایک ہاتھ بھر لمبی ڈنڈے کی شکل کی دریا یا تالاب کے کنارے پیدا ہونے والی خود رُو سبزی ہے جو کہ کھانے میں بہت لذیذ ہوتی ہے اور بہت سے گھروں میں یہ سبزی گوشت اور قیمے میں پکائی جاتی ہے ۔

پیں برسنڈے

اسے بھنڈی توری کی طرح پکایا جاتا ہے۔ زیادہ تر اسے گھی میں بھون کر گوشت کے ہمراہ پکاتے ہیں۔ اس میں وٹامن سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کا مزاج سرد تر ہے اور اس کے درج ذیل فوائد ہیں۔

یہ بھوک لگاتا ہے، معدہ کو طاقت دیتا ہے، گرمی ختم کرنے اور خون کی حدّت کو کم کرنے کے لیے لاجواب ہے۔ خون پیدا کرتا ہے۔ یرقان کے مریض کے لیے بہترین غذا اور دوا ہے۔ تو آج ہم آپکو مصالحہ دار پیں بنانے کی ترکیب بتائیں گے۔

اجزاء:

  • پیں/ برسنڈے (کٹی ہوئی اور ابلی ہوئی) آدھا کلو
  • تیل ¼ کپ
  • زیرہ 1 عدد
  • ادرک کا پیسٹ 1 چمچ
  • لہسن کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ
  • پیاز (کٹی ہوئی) 2
  • ٹماٹر (کٹے ہوئے) 2
  • دھنیا پاؤڈر 1 چائے کا چمچ
  • لال مرچ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ
  • نمک 1 چمچ
  • لیموں کا رس 1 لیموں
  • ہلدی پاؤڈر ¼ چائے کا چمچ
  • ہری مرچ 2 (گارنش کے لیے)
  • ہرا دھنیا 2 کھانے کے چمچ (گارنش کے لیے)
  • چاٹ مسالہ 1 چائے کا چمچ (گارنش کے لیے)

طریقہ:

  • تیل گرم کریں پھر پیاز ڈال کر سنہری ہونے تک فرائی کریں۔ زیرہ، ٹماٹر، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا ڈال کر گریوی کو پکائیں۔ اب اس میں پیں/ برسنڈے شامل کریں اور حسب ضرورت پانی ڈال کر پکائیں۔
  • ساتھ ہی ہری مرچ اور دھنیا ڈال کر پکنے دیں۔
  • چاٹ مسالہ، لیموں کا رس ڈال کر سرو کریں۔