kado lauki ke fayde aur nuksan in urdu hindi

دماغ کو طاقت بخشنے اور عقل بڑھانے والی سبزی

نبی کریمﷺ نے فرمایا،’’ تمہارے لیے لوکی موجود ہے، یہ عقل بڑھاتی ہے اور دماغ کو طاقت بخشتی ہے‘‘( طبرانی)۔

ایک موقعے پر حضور اکرمﷺ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا،’’جب خشک گوشت پکاؤ، تو اس میں کدّو (لوکی) ڈال کر اضافہ کرلیا کرو، کیوں کہ یہ غم گین دِل کو مضبوط کرتا ہے‘‘(ابن قیم)۔

لوکی کی اقسام 

لوکی، نبی کریم ﷺ کی پسندیدہ ترکاری کہلاتی ہے، اسے کدّو بھی کہاجاتا ہے، اس کی دواقسام ہیں۔

ایک قسم لمبی اور پتلی، جب کہ دوسری گول مٹول اور فربہی مائل ہے، تاہم دونوں اقسام یک ساں طور پر مفید ہیں، ازمنۂ قدیم میں لوکی، عرب، ایران اور بھارت کے مختلف علاقوں میں کاشت کی جاتی تھی، مگر اب اپنی افادیت، غذائیت، توانائی اور خواص کی بدولت دنیابَھر میں کاشت کی جارہی ہے۔

لوکی کی تاثیر 

لوکی کا مزاج سرد ہے، اس میں پروٹین، چکنائی، معدنی اجزاء، فائبر، کیلشم، فاسفورس اور آئرن سمیت وٹامن بی کمپلیکس بھی موجود ہوتا ہے، جب کہ پانی کی مقدار96فی صد پائی جاتی ہے۔

یہ صرف توانائی ہی نہیں فراہم کرتی، بلکہ اس میں جراثیم کُش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، مختلف مُمالک کے باشندے لوکی کو اپنے اپنے طریقے کے مطابق استعمال کرتے ہیں۔

اس کے طبّی فوائد وخواص اپنی جگہ، مگر یہ جان کر حیرت ہوگی کہ آلات موسیقی میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے، تمام تار والے سازوں کا پیندا خشک لوکی سے بنتا ہے۔

امریکا اور کینیڈا میں کرسمس کے موقعے پر ’کدّو کا حلوا‘ ایک خاص ڈش کے طور پر کھایا جاتا ہے،تو یورپ میں ’کدّو کا شوربا‘ اور ’پڈنگ‘ عام ہے۔

کئی مُمالک میں رغبت سے کھائی جانے والی لوکی پاکستان میں بھی کئی طریقوں سے پکائی جاتی ہے، مثلاً گوشت کے ساتھ بطور ترکاری، پھر لوکی کا سالن، حلوا، مربّہ، رائتہ، کباب اور کوفتے وغیرہ بھی بنائے جاتے ہیں۔

توکیوں نہ آج ظہرانے کا اہتمام لوکی کے مزے دار کوفتوں سےکرلیا جائے اور اس کے لیے ترکیب توہماری جانب سے حاضر ہے، بس پکانے کا تردّد آپ کو کرنا ہوگا۔

لوکی کے کوفتوں کی ترکیب

اجزاء

لوکی آدھاکلو، بیسن چھے کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائےکاچمچ، سفید زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، لہسن پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہرادھنیا، پودینا (باریک کٹا ہوا) دو دو چمچ، ہری مرچیں (باریک کُٹی ہوئی) دوعد اور تیل (فرائی اور گریوی کے لیے) حسبِ ضرورت۔ خیال رہے کہ ہری مرچ، ہرادھنیا اور پودینا دھوکر بالکل خشک کیا ہوا ہو۔

گریوی کے لیے اجزاء

پیاز(درمیانی پِسی ہوئی)ایک عدد، بڑی الائچی دوعدد، کالی مرچ چھے عدد،لونگ دو عدد،لہسن،ادرک کا پیسٹ چار کھانے کےچمچ، لال مرچ پاؤڈر دوچائے کے چمچ، دھنیا پاؤڈر دوچائے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کاچمچ، نمک حسبِ منشاء اوردہی آدھا پاؤ۔

ترکیب

 پہلےلوکی دھوکر کھرچ لیں، پھر کدّوکش کرکے اس کا پانی نچوڑ لیں،  اب ایک باؤل میں لوکی، نمک، لال مرچ، گرم مسالا پاؤڈر، سفید زیرہ اور لہسن شامل کرکے اچھی طرح مِکس کریں۔

پھر تھوڑا تھوڑا کرکے بیسن شامل کرتی جائیں، اگر دویاتین چمچ ڈالنے کےبعد محسوس ہوکہ کوفتے بن سکتے ہیں، تو مزید بیسن شامل نہ کیا جائے۔

اس کے بعد ہرا مصالحہ شامل کرکے ایک بار پھر آمیزہ مِکس کرکےحسب منشا کوفتے بنالیں۔

جب کوفتے بن جائیں،تو پین میں تیل گرم کرکےفرائی کرکےایک طرف رکھ دیں۔

کوفتوں کی گریوی 

اب گریوی کے لیے ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے گرم مصالحہ  ڈال کر کڑکڑائیں،  پھر اس میں پیاز کا پیسٹ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں، اب لہسن، ادرک کا پیسٹ شامل کر تھوڑا سا بھون کر دہی ڈال کے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔

جب تیل الگ نظر آنے لگے، تو حسبِ منشا پانی شامل کرکے شوربا بنالیں، آخر میں کوفتے ڈال کر ذرا سا پکنے دیں۔پھر دو منٹ کے لیے ڈھکن ڈھک کر دَم دے دیں۔سِرو کرنے سے قبل دھنیا پودینا چھڑک دیں۔

کیٹاگری میں : صحت