541386 91858625

وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی ملاقات

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران گندم کی سمگلنگ کی روک تھام، ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو ہوئی .ملاقات میں آئندہ سال معیاری گندم کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بہتر بیج کے استعمال کے حوالے سے تجاویز پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت سمگلنگ خصوصا گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی سمگلنگ کی موثر روک تھام کے لئے پرعزم ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک کے لئے حکومت کی جانب سے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ایسی کاروائیوں میں ملوث عناصر اور افراد کے خلاف سخت قانون کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال خصوصا ماہ رمضان کے پیش نظر گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے تاکہ بر وقت فیصلے لیے جا سکیں اور ملک کے کسی حصے میں خوراک کی کمی درپیش نہ ہووزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں کے فروغ کے لئے دوست ملک چین کے تجربات سے استفادہ کر رہی ہے تاکہ زرعی شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی .

مزید پڑھیں:  عالمی سطح پر غزہ میں دریافت اجتماعی قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ