بارکونسل وکلاء کا عدالتوں کا بائیکاٹ

بارکونسل کی کال پر صوبہ بھر میں وکلاء کا عدالتوں کا بائیکاٹ

خیبرپختونخوا بارکونسل کی کال پر درگئی میں ضمیر گل ایڈوکیٹ کے قتل کیخلاف صوبہ بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا ،وکلا ء کی ہڑتال کی وجہ سے عدالتی امور بری طرح سے متاثر ہوئے اور کیسوں کی پیشی کیلئے آنے والے سائلین کو مایوس لوٹنا پڑا، اس موقع پر سینئر وکلاء نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینئروکلاء نے کہا کہ وکلاء کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم گزشتہ کئی ماہ سے اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی اور بہت سے وکلاء کو قتل کیا گیا جس کے ابھی تک خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت غیریقینی صورتحال ہے اور وکلاء کو اپنی ڈیوٹی کے دوران قتل کیا جا رہا ہے، حکومت کو بار بار اس حوالے سے ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی مگر کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور اس مسئلے کے حل کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر وکلاء کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو صوبہ گیر احتجاج شروع کرینگے ۔جمعرات کے روز وکلاء ہڑتال کیوجہ سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا جس کیوجہ سے عدالتی امور بری طرح سے متاثر ہوئے اور دوردراز علاقوں سے کیسوں کی پیشی کیلئے آنے والے سائلین کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

مزید پڑھیں:  نیویارک، فلسطین کے حمایتی طلبہ کی برطرفی کیخلاف احتجاج، یونیورسٹی میں حالات کشیدہ