پاکستان میں موسم کی صورتحال

ملک بھر میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ

آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ،چمن اور کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں برف باری سے راستے بند ہونے زمینی رابطے منقطع ہوگئے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ،کئی اضلاع میں بجلی بھی معطل ہوگئی ،

سردی کی شدت بڑھنے سے گیس کی لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ، لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر نے لگیں ۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا جبکہ مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری وقفے وقفے سے جاری جارہی ۔کوئٹہ اور چمن سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں شدید برفباری کے باعث مختلف مقامات پرقومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔شمالی وزیرستان کے علاقوں رزمک اور شوال سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ملکہ کوہسار مری میں چند دن کے وقفے کے بعد برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا شدید برف باری کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کا عملہ مشینری کی مدد سے برف ہٹانے میں مصروف رہا۔ادھر ملتان، رحیم یارخان اور لودھراں سمیت جنوبی پنجاب میں بارش کی وجہ سے درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں وقفے وقفے سے بارش اور اولے بھی پڑے جبکہ پشاور میں موسلادھار بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی تاہم بارش سے مختلف مقامات کی سڑکوں پرپانی بھی جمع ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ادھر گزشتہ روز شانگلہ کے علاقہ الپوری فیض آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔

مزید پڑھیں:  نصیرت کیمپ اور رفح پر اسرائیلی بمباری، 55 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

دریں اثناء محکمہ موسمیات کے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں سردار سرفراز نے بتایا کہ شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہے، ہوائیں 40 سے45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، ہواؤں کے جھکڑ کی رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی جا سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے سے موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ سردار سرفراز کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد ہے دریں اثناء ملکہ کوہسار مری میں ایک مرتبہ پھر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ مری میں ہفتے سے پیر تک شدید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ۔برف باری کی پیش گوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر آفس میں ایمرجنسی کنٹرول روم بنا دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور:ہزار خوانی میں فریقین کے درمیان فائرنگ،راہگیر ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق