لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکیں

لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکیں فوری طور پر کھولی جائیں، محمودخان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مکانات کی چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں سات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

وزیر اعلی نے ان حادثات میں مال املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر بھی افسوس اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے جبکہ ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت کا معذور افراد کو ماہانہ وظائف دینے کا اعلان

انہوں نے بارشوں اور برفباری سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کی وجہ سے آمدورفت کے لئے بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھانے اور اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے درہ آدم خیل کے علاقہ جواکی میں بارودی مواد پھٹنے سے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

مزید پڑھیں:  ایران نے اسرائیل کو اسی کی زبان میں سبق سکھایا، پلوشہ خان