طورخم چمن سرحد کسٹمز ہائوسز

طورخم اور چمن سرحد پر جدید ترین کسٹمز ہائوسز کے قیام کا اعلان

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے طورخم اور چمن بارڈر پر جدید ترین کسٹمز ہائوسز کے قیام کا اعلان کردیا۔ پشاور میں عالمی کسٹمز ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سب قانون کے مطابق اپنا ٹیکس جمع کرائیں ورنہ قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، وصولیوں میں اضافے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، طورخم اور چمن بارڈر پر جدید ترین کسٹمز ہاوس قائم کرنے جارہے ہیں، جن کی مدد سے سی پیک کو سینٹرل ایشیا سے لنک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت ایف بی آر کے پاس اختیار ہے جو پی او ایس پر عمل نہیں کرے گا اُسے بند کردیا جائے گا۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئر مین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق کا کہنا تھا کہ جب ہم کسٹمز ڈے مناتے ہیں تو اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرتے ہیں، تجارت ہمیشہ ملک میں ترقی و خوشحالی لاتی ہے، مارکیٹ میں کسی چیز کی قیمت میں اتار چڑھا سے ہمارا ڈائریکٹ تعلق ہے، ایکسچینج ریٹ سے بھی ایف بی آر کا ڈائریکٹ تعلق ہے۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ میں ٹریفک حادثہ ، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 5.8 ٹریلین کی طرف کامیابی سے بڑھ رہے ہیں، چھ ماہ کے ٹیکس ٹارگٹ کو ہم نے نہ صرف حاصل کیا بلکہ ہدف سے زیادہ وصولیاں کیں ٹیکس نیٹ کو بڑھا کر ٹیکس ریٹ کم کیا جائے گا، 60 آ ئوٹ لیٹس پی او ایس پر عمل درآمد نہیں کر رہے تھے انکے ساتھ رابطے میں ہیں، سب قانون کے مطابق اپنا ٹیکس جمع کرائیں ورنہ قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر 160 ارب کے ریفنڈ دے چکا ہے، آئندہ 6 ماہ میں ٹیکسز کے درمیان فرق کو ختم کیا جائے گا، یوریا سمگلنگ سے متعلق شکایات پر بارڈرز پر کارروائی کی گئی تھی۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، انہوں نے نئے کسٹم "لوگواور موٹو” کی نقاب کشائی بھی کی۔ چیف کلکٹر کسٹمز کے پی کے احمد رضا خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چیف کلکٹر کسٹمز احمد رضا خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2016 میں قائم شدہ ڈبلیو ای بی اوسی نے 24 گھنٹے میں تیز رفتار کلیئرنس کو ممکن بنایا۔ ساتھ ہی جیوٹیگٹنگ اور پیپر لیس ڈیٹا کلچر کے باعث خیبر پختونخوا کسٹمز نے اپنے ہدف کے مقابلے میں 52 فیصد سے تجاوز کرلیا ہے جوگزشتہ سال کے 6 ماہ کے مقابلے میں 62 فیصد زیادہ ہے۔ آخر میں مہمان خصوصی نے کسٹم اہلکاروں میں بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں:  سرمایہ کاری لانے پر صوبوں کو بھی کام کرنا چاہئے، مزمل اسلم