یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ

بلاول بھٹو کا یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کے عہدے سے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے ایوان میں یوسف رضا گیلانی کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی جمہوریت کے لئے خدمات جمہوریت پسندوں کے لئے ایک روشن مثال ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے نمائندگان خود کا احتساب کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی یہاں تک کہ عوام کی خدمت کے جرم میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے متعصبانہ کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کر کے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کو منظور کروایا۔

خیال رہے پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈر اپنا استعفی پارٹی کو جمع کروا دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان سے وکلا کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن کے 15 آدمی عمران خان کیساتھ ملے ہیں

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کا ایجنڈا تاخیر سے موصول ہوا، اجلاس کے لیے میرے آفس میں مسیج آیا لیکن یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک کا بل موجود ہے، آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا، چئیرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے نا کہ حکومت کی، چئیرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازعہ نہیں ہونا چاہیئے، ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، آپ نے یہ کر کے حکومت کے لیے سہولت کاری کی، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہئیے تھا۔

سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں، کہا گیا کہ میں نے اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا، ان بیانات کے بعد میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، اس لئے اس معاملے پر استعفی دے دیا ہے اور اپنا استعفی پارٹی لیڈر شپ کو دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  افغان فورسز کی جارحیت پر سیکورٹی فورسز کا منہ توڑ جواب

یہ بھی پڑھیں:’وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں‘

دوسری جانب اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں استعفیٰ تو بلاول کا بنتا ہے یا زرداری کا، ان کے کہنے پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر تشریف نہیں لائے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنما اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہیں، شرمندہ بھی، ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر نہ آئے یا مجبوری میں، ملک کے لیے اچھا ہوا، یوسف رضا گیلانی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں، جتنی بار عمران خان کامیاب ہوئے اپوزیشن میں پھوٹ پڑی۔