بلدیاتی الیکشن ملتوی

بلدیاتی الیکشن ملتوی ،انتخابات مئی میں کرائے جائیں

پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے خیبر پختونخوا کے 18اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مئی تک ملتوی کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،کوہستان سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ مارچ تک بالائی علاقوں میں شدید سردی ہوگی اور اس سردی کی وجہ سے ان علاقوں کے 60فیصد سے زائد شہری اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرتے ہیں ان علاقوں میں اپریل تک موسم سرد رہتا ہے اور وہاں رہائش کیلئے بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہوتیں لہٰذا ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کو اپریل کے بعد منعقد کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  عید الفطر 10 اپریل کو ہونے کا امکان

ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے18اضلاع میں شدید سردی کے باعث بلدیاتی انتخابات مئی تک ملتوی کردیئے اور الیکشن کمیشن کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ مئی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد کرے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوسرے مرحلے کیلئے شیڈول جاری کیا جا چکا ہے جس کے تحت 4فروری سے کاغذات نامزدگی کا اجراء کیاجانا تھا جبکہ 27مارچ کو دوسرے مرحلے کی پولنگ کی جانی تھی۔

مزید پڑھیں:  24 اہم افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ تحریری صورت میں آج میسر آئیگا جس کے بعد الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی لیگل ٹیم سے مشورہ کریگا مذکورہ 18اضلاع میں ملاکنڈ، شانگلہ، سوات، اپر دیر، لوئر دیر، اپر چترال، لوئر چترال، جنوبی وزیر ستان، شمالی وزیر ستان، اورکزئی، کرم، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور بٹگرا م شامل ہیں مذکورہ علاقوں میں برف باری کے باعث انہیں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔