لوہار کے اندھے قتل

لوہار کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، قاتل کم عمر دوست نکلا

پشاور کے علاقے جمیل چوک رنگ روڈ پرایک ہفتہ قبل لوہار کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، مقتول کو کم عمر دوست کی جانب سے قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔29جنوری کو رنگ روڈ پر جمیل چوک کے قریب 47سالہ لوہار ریاض حسین ولد فضل حسین سکنہ شیخ آباد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقتول کے بھائی نثار حسین نے تھانہ آکر پولیس کو بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ اس کے بھائی کو کس نے قتل کیا ہے وہ معلوما ت ہونے پر دعویداری کریں گے جس پر پولیس نے ریاض حسین کے قتل کامقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ رحمان بابا عبداللہ جلال نے بتایا کہ مقتول کے بھائی نثار حسین نے مقتول کے کم عمر دوست سلمان سکنہ شیخان کے خلاف دعویداری کی ہے اور پولیس کو 161 کا بیان ریکارڈ کرایا ہے جس کے بعد پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسے معلوم ہوا ہے کہ سلمان مقتول کا دوست تھا، اس سلسلے میں انہوں نے مقتول سے برآمد ہونے والے موبائل سے بھی شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جس کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی قتل کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔

مزید پڑھیں:  ماسکو حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر امریکا، برطانیہ اور یوکرین ہیں، روس