برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے چیف آف اسٹاف سمیت 4 قریبی ساتھیوں نے استعفیٰ دے دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن میں پارٹی کرنے پرشدید تنقید کا نشانے بننے والے وزیر اعظم بورس جانسن کے 4 قریبی اورقابل اعتماد ساتھیوں نے استعفیٰ دے دیا۔ جس میں وزیراعظم بورس جانسن کی ہیڈ آف پالیسی منیرہ مرزا، چیف آف اسٹاف ڈین روزنفیلڈ، پرنسپل پرائیوٹ سیکریٹری مارٹن رینلڈز اور کمیونیکیشن ڈائرکٹرجیک ڈوئیل شامل ہیں۔
وزیراعظم بورس جانسن کے چاروں قریبی ساتھیوں نے اس تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد استعفیٰ دیا جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم نے کورونا لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کئ مرتبہ پارٹیاں منعقد کیں۔
برطانوی وزیراعظم کو کورونا پابندیوں کے دوران سرکاری رہائش گاہ پر پارٹیاں کرنے کے باعث شدید دباؤ اورتنقید کا سامنا ہے۔ اپوزیشن کے علاوہ ان کی اپنی کنزرویٹوپارٹی کے کچھ رہنما بھی بورس جانسن سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
خیال رہے بورس جانسن پارٹیاں منعقد کرنے پرپارلیمنٹ میں معافی بھی مانگ چکے ہیں۔