افسردہ

سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر کی موت پر پاکستانی سیاستدان افسردہ

کورونا کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں دم توڑنے والی برصغیر کی بلبل گلوکارہ لتا منگیشکر کی موت پر پاکستانی سیاستدانوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ پیغام میں لتا منگیشکر کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا لتا منگیشکر کے انتقال سے موسیقی کی دنیا ایک ایسے گلوکار سے محروم ہوگئی جس نے اپنی سُریلی آواز سے نسلوں کو مسحور کیا۔ میری نسل کے لوگ ان کے خوبصورت گانے سنتے ہوئے بڑے ہوئے جو ہماری یادوں کا حصہ رہیں گے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر لتا منگیشکر کی موت کو موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے کہا لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا، جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے۔

مزید پڑھیں:  سابق وزیر خارجہ کو بلو رانی کہنے پر مجھ پر کیس بنایا گیا ہے، شیخ رشید احمد

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا لتا منگیشکر کے انتقال سے فن موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔ لتا منگیشکر کا گلوکاری میں کوئی ثانی نہیں تھا۔ سُر، تان کی ملکہ لتا منگیشکر نے فلم نگری پر طویل عرصہ راج کیا۔ لتا منگیشکر نے کئی دہائیوں تک آواز کا جادو جگایا۔

مزید پڑھیں:  کوشش ہے کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو، وزیراعظم

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گلوکارہ لتا منگیشکر کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا نصف صدی سے زائد اپنی آواز کا جادو جگا کر لتا منگیشکر نے کروڑوں انسانوں کو اپنے سنگیت کا گرویدہ بنایا۔ آنجہانی لتا منگیشکر برصغیر میں موسیقی کی ایک پہچان تھیں، فلمی صنعت کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ لتا منگیشکر کے گیت، ان کے نغمے اور سُر کبھی فراموش نہیں کئے جاسکیں گے۔ لتا منگیشکر کی وفات دنیا بھر میں ان کے پرستاروں کے لئے ایک گہرا صدمہ ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ لتا برصغیر کی بہترین گلوکاروں میں سے ایک تھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید خان لکھتے ہیں کہ لتا برصغیر کی بہترین گلوکاروں میں سے ایک تھیں۔ ہماری تقریباً تمام نسلیں گزشتہ 6 دہائیوں سے لتا کو سنتے ہوئے پروان چڑھی ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ اردو کی سرفرازی کے لیے ان کا تعاون غیر معمولی رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد 92 برس کی عمر میں ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئیں۔لتا گزشتہ ماہ کورونا وائرس اور اس کے بعد نمونیا کا شکار ہوئی تھیں، گزشتہ روز ان کی حالت بگڑنے پر انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں اور آج صبح چل بسیں۔ لتا منگیشکر کی آخری رسومات پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے ممبئی کے شیواجی پارک میں ادا کی جائیں گی۔