سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز نے سعودی الکٹرونک پاسپورٹ (ای پاسپورٹ)متعارف کرانے کی دستاویز پر دستخط کر دیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ای پاسپورٹ عالمی سفری دستاویزات میں استعمال ہونے والی اعلی ترین فنی اور سیکورٹی خصوصیات سے آراستہ ہے۔ یہ نیا پاسپورٹ وزارت داخلہ ، وزارت مالیات اور سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ اور ویژن 2030 پروگرام کے اہداف میں شامل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر کا حصہ ہے۔ سعودی ای پاسپورٹ میں ذاتی معلومات اور تصاویر کے سیکورٹی تحفظ کی سطح بڑھانے کے لیے ایک برقی سِم لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مقامات پر اسمارٹ گیٹس کے ذریعے تصدیق کی خصوصیت بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلی بار مسجد نبوی میں خاتون معاون خصوصی مقرر
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے اس سلسلے میں ریاض میں پاسپورٹ جنرل ڈائرکٹوریٹ کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ پاسپورٹ ڈائرکٹوریٹ کے سربراہ سلیمان بن عبدالعزیز الیحیی نے اس حوالے سے منعقد تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاسپورٹ کے شعبے میں وسیع پیمانے پر تیز رفتار ترقی اور پیش رفت دیکھی گئی۔ اس حوالے سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات اور سپورٹ اور وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی مسلسل نگرانی حاصل رہی۔