سر میں کیل ٹھوکنے سے متاثرہ خاتون باز گلہ نے حکومت سے ملک سے باہر بھجوانے کا مطالبہ کر دیا۔خاتون باز گلہ نے کہا کہ ویڈیو سے بدنامی ہوئی ہے، اس لیے ہمیں ملک سے باہر بھجوانے میں حکومت مدد کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاتون باز گلہ نے کہا کہ میرے پہلے ہی 2 بیٹے ہیں، اولادِ نرینہ کی خواہش پر کیل ٹھونکنے کا معاملہ جھوٹ ہے جعلی عامل سے کیل ٹھکوانے کے معاملے میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور: اولاد نرینہ کی آرزو مند خاتون کے سر میں پیر نے کیل ٹھونک دی
دوسری جانب پشاور میں پولیس نے کیل ٹھوکنے سے متاثر ہونے والی خاتون کا ماہرِ نفسیات سے طبی معائنہ کروایا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون ڈپریشن کا شکار ذہنی مریضہ نکلی۔ ماہرِ نفسیات نے متاثرہ خاتون کو ادویات تجویز کرتے ہوئے اسے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید کا یہ کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے نتیجے میں یا جعلی عامل کے کہنے پر متاثرہ خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کا یہ واقعہ رونما نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ڈاکٹر نے 2 ہفتے بعد دوبارہ چیک اپ کرانے کا مشورہ دیا ہے، متاثرہ خاتون کا 2017ء سے علاج ہو رہا ہے۔ میڈیکل چیک اپ کے مطابق خاتون ڈپریشن کا شکار ہے، حال ہی میں اس کے والد بھی فوت ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ: متاثرہ خاتون کو جنات کے اثرات کی شکایت
یہ بھی پڑھیں:سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ: متاثرہ خاتون کے پہلے سے 2 بیٹے نکلے
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور اس کے شوہر کا تعلق افعانستان سے ہے، پولیس نے خاتون کو عدالت میں بھی پیش کر دیا ہے۔ خاتون اور اس کے خاوند کا کھوج لگا کر معاملے کی مکمل انکوائری کی گئی، جس کے مطابق متاثرہ خاتون 2 بیٹوں سمیت 3 بچوں کی ماں ہے جبکہ اس کا شوہر واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا۔
اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر نے بتایا تھا کہ خاتون حاملہ تھی اور اس کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی، کیل کو سرجری کے ذریعے نکال کر خاتون کو ڈسچارج کر کے گھر روانہ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سر میں کیل ٹھونکے جانے کے باعث مذکورہ خاتون بازگلہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کے سر سے سرجری کے ذریعے کیل نکالی گئی تھی۔ اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ متاثرہ خاتون کی 3 بیٹیاں ہیں اور نرینہ اولاد نہیں ہے، خاتون کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں تھیں، بیٹے کی پیدائش کی خواہش پر جعلی عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی تاہم خاتون کے بیٹے سامنے آنے پر یہ بات غلط ثابت ہو گئی۔
خیال رہے متاثرہ خاتون کے شوہر احمد صابر کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اس کی بیوی کے سر میں جنات نے کیل ٹھونکی ہے۔