پشاور کے علاقہ متھرا میں جگری دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو17سال بعد گرفتار کرلیا گیا۔ مقتول زبیر کے قتل میں 2 دوست ملوث تھے جو آپس میں ماموں زاد بھائی بھی ہیں۔ ملزموں نے دوستی کی آڑ میں زبیر کو قتل کر دیا تھا اور نعش ویرانے میں پھینک کر 17سال تک روپوش رہے ۔ پولیس نے ایک ملزم ذاکر حسین کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ متھرا کے انوسٹی گیشن آفیسر مثل خان کے مطابق متھرا پولیس کو 2005 میں مقتول زبیر کی نعش ملی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ دونوں ملزم ذاکر حسین ولد صالح محمد سکنہ مردان اور سلمان سکنہ شیرگڑھ ہاتھیان آپس میں ماموں زاد ہیں جن کی زبیر نامی لڑکے کے ساتھ دوستی تھی۔ مقتول اور ملزم مویشی منڈی پجگی روڈ میں گرائونڈ میں بھی کھیلتے تھے۔ اس وقت ملزم ذاکر کی عمر15یا 16سال تھی جس کی مقتول زبیر کے ساتھ دوستی تھی جبکہ ملزم کے ماموں زاد سلمان کی بھی مقتول کے ساتھ دوستی تھی، وقوعہ کے روز سلمان شیر گڑھ سے پشاور آیا جہاں اس کی زبیر کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہو گئی جس پر ملزموں نے اسے گولی مار دی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم ذاکر حسین بھانڈا پھوٹنے پر گھر بار چھوڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل ہوگیا ۔ ہفتہ کے روز ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیم نے مقتول زبیر کے قتل میں نامزد ملزم ذاکر حسین کو گرفتار کرلیا ۔