بلدیاتی انتخابات دوسرا مرحلہ 31 مارچ

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو ہوگا،سپریم کورٹ

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کیس سپریم کورٹ نے نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت کوئی حکم نہیں دے گی، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو ہوگا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت کوئی حکم نہیں دے گی۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن چاہے تو حالات کے مطابق انتخابات کا شیڈول بدل سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ الیکشن شیڈول معطل کرکے غلط مثال قائم نہیں کریں گے۔ شیڈول کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے تو کیا الیکشن کمیشن کو بند کر دیں؟ انتخابی شیڈول کا اجرا اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسوں کی اجازت کے حوالے سے کارروائی شروع

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا خیبرپختونخوا حکومت خود شیڈول دیکر بھاگ رہی ہے۔ الیکشن کے معاملات میں سپریم کورٹ کیوں مداخلت کرے؟ ابھی کہتے ہیں رمضان کے بعد الیکشن کروا دیں۔ رمضان کے بعد کہیں گے عید آگئی ہے، پھر بڑی عید کا کہہ دیں گے۔ انہوں نے کہا بڑی عید کے بعد محرم آجائے گا اس طرح تو الیکشن ہوگا ہی نہیں۔ ذاتی مفادات کیلئے اداروں پر عدم اعتماد نہ کریں۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،وفاقی وزیر قانون

وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔ صوبائی حکومت نے 25 مارچ کی تاریخ خود دی تھی۔جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ نیا شیڈول آنے کے بعد کیس غیر موثر ہوچکا ہے۔