صوبہ خیبرپختونخوا میں سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں اور طلبہ سے نصابی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی کام لینے پرپابندی عائد کردی گئی جبکہ خلاف ورزی کرنے والے سکول کے سربراہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں گزشتہ روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبہ میں تمام اضلاع کے میل و فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسروں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام سرکاری سکولوں کے سربراہوں کو آگاہ کرکے یقینی بنائیں کہ سکول کے کاموں کے لئے بھرتی کلاس فور ملازمین ہی سے کام لیا جائے اور کلاس فور کے کاموں میں سکول کے بچے ہرگز ملوث نہ کئے جائیں اور نہ ہی بچوں سے نصابی سرگرمیوں کے علاوہ کوئی غیر نصابی کام لیا جائے ۔ جاری مراسلہ کے مطابق اگر کہیں بھی ایسا ہوا اور کسی بھی سکول میں بچے سے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے علاوہ کلاس فور کا کام لیا گیا تو سکول کے سربراہ کے خلاف انضباطی رولز 2011 اور کنڈکٹ رولز 1987کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔