ملک بھر میں محکمہ موسمیات نے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آج رات سے بارشیں شروع ہوں گی۔ آج رات سے جمعے تک اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، خانیوال سمیت بیشتر علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی، شمالی علاقہ جات میں آندھی، تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر تا جمعہ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، ہری پور، ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ منگل تا جمعہ مری، گلیات، نتھیا گلی، ناران کاغان میں برف باری متوقع ہے اور شانگلہ، نیلم ویلی، اسکردو، ہنزہ کے چند مقامات پر شدید برف باری ہو سکتی ہے، شدید برف باری والے علاقوں میں رابطہ سٹرکیں بند ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختون خوا، بلوچستان، سندھ کے علاقوں میں آندھی سے کھڑی فصلوں اور کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
بارش اور برف باری کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، صوبائی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔