تھانوں میں طلبہ کی انٹرن شپ

تھانوں میں طلبہ کی انٹرن شپ کیلئے 3 سالہ معاہدہ طے

پشاور کے تھانوں میں طلبہ کے انٹرن شپ کیلئے یونیورسٹی آف پشاور اور کپیٹل سٹی پولیس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم اویو) طے پاگئی، اس سلسلے میں پشاور یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور سی سی پی او عباس احسن نے ایم اویو پر دستخط کئے۔ مفاہمت کی رو سے جامعہ پشاور کے طلباء و طالبات تھانوں میں انٹرن شپ حاصل کر سکیں گے اور طلباء پولیسنگ کے حوالے سے آگاہی حاصل کر سکیں گے ۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، سکول ٹیچرز کو ڈیوٹی پر لے جانے والے ہائی ایس کو حادثہ، 15 زخمی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او عباس احسن و دیگر مقررین نے کہا کہ پروگرام سے پولیس اور کمیونٹی کے مابین خلیج کو کم کیا جا سکے گا۔ ابتدائی طور پر سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے 30 طلباء کو انٹر شپ دی جائیگی جو چھ ہفتوں پر مشتمل ہو گی ۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام سے پولیسنگ سمیت کمیونٹی ریلیشن اور پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، طلباء کے تھانوں میں آنے سے وہ شہریوں کے مسائل سننے سمیت بہتری کیلئے تجاویز دے سکیں گے جس سے پوری کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا۔ انٹرن شپ کرنے والے طلباء کو پولیس کے کام کے طریقہ کار و تفتیش وغیرہ کو سمجھنے میں مدد ملے گی، ایم او یو کے تحت 3سال تک طلباء کو انٹرن شپ فراہم کی جائیگی ۔

مزید پڑھیں:  علی گڑھ یونیورسٹی میں 123 سال بعد خاتون وائس چانسلر تعینات

جس سے طلباء کو ریسرچ کرنے کا بھی موقع ملے گا۔اس موقع پر اعادہ کیا گیا کہ سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کیساتھ ساتھ سٹوڈنٹ سوسائٹیز اور سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔