پختونخوا شجرکاری مہم کا افتتاح

پختونخوا میں شجرکاری مہم کا افتتاح،10 کروڑ پودے لگائے جائینگے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں موسم بہار کی شجر کاری مہم برائے سال 2022 کا افتتاح کردیا ہے۔

انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہائوس کے سبزہ زار میں زیتون کا پودہ لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ اجراء کیا۔ شجرکاری مہم 2022 کے تحت صوبہ بھر میں دس کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ صوبائی وزراء اشتیاق ارمڑ اورمحب اللہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ موسم بہارکی شجرکاری مہم کے تحت فارسٹ ریجن ون میں تین کروڑ چالیس لاکھ، ریجن ٹو میں چار کروڑ بیس لاکھ جبکہ ریجن تھری میں دو کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے محکمہ جنگلات نے دس کروڑ سے زائد پودے مفت تقسیم کئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :سینیٹ کی 11نشستوں پر 42امیدواروں کے کاغذات جمع

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور شجرکاری کا فروغ شروع دن سے ہی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے ۔ صوبے میں بلین ٹری منصوبے کے سو فیصد اہداف حاصل کئے گئے ہیں اور اب ٹین بلین ٹری منصوبے کے اہداف کے حصول کے لئے پیش رفت جاری ہے۔ٹین بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے میں ایک ارب درخت لگائے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی حکومتی کوشش تب تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام اس میں بھر پور شرکت نہ کریں۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار اداکریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت صوبے میں ایک ارب پودے لگا نے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا گیا ہے اورصوبائی حکومت کی اس کامیابی کو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ اس شعبے سے وابستہ بین الاقوامی تنظیموں نے اس کی توثیق بھی کی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرنے اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دور رس اقدامات اٹھارہی ہے اور موسم بہار کی یہ شجر کار ی مہم اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

مزید پڑھیں:  داعش کا ماسکو پر حملہ کرنا ناقابل یقین ہے، ترجمان روسی وزارت خارجہ