پشاور میں بارش درجہ حرارت 10

پشاور سمیت کئی اضلاع میں بارش، درجہ حرارت 10 ڈگری تک گر گیا

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش اور تیزہوائوں کی وجہ سے درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر سے سات سے 10 سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔

بارش کی وجہ سے پشاور سمیت کئی اضلاع میں بجلی اور گیس کی سپلائی کا نظام معطل اور کئی علاقوں میں سڑکوں اور گلی محلوں میں بارش کا پانی کھڑا رہا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج ہفتہ کے روز بھی ملک کے کئی حصوں کی طرح خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں برف باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔جمعہ کے روز دوپہر کے بعد صوبے کے اکثر اضلاع میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کیساتھ بارش ہوئی اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی بارش کے نتیجے میں مذکورہ اضلاع میں سردی دوبارہ بڑھ گئی ہے جبکہ ایندھن کے مسائل بھی گھمبیر ہوگئے ہیں۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں 12 ملی میٹر،دیر لوئر میں 7ملی میٹر، دیربالامیں 6 ملی میٹر، بالاکوٹ، مالم جبہ اورکالام میں 6ملی میٹر بارش،سیدو اور کاکول میں 3 ملی میٹر ،پشاور میں تین ملی میٹر جبکہ بنوں، چراٹ، چترال اور دروش میں ایک، ایک ملی میٹر کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس:اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کے مدعی بننے پر سوال اٹھا دیا

مالم جبہ اور کالام میں 3انچ کی برف باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مالم جبہ میں درجہ حرارت منفی پانچ سینٹی گریڈ پر آن گرا ہے پشاور میں 8 سینٹی گریڈ، بنوں میں 9 سینٹی گریڈ اور ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ایبٹ آباد میں 2 سینٹی گریڈ، سیدو میں پانچ سینٹی گریڈ اور دیر میں تین جبکہ چترال میں چار سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گاتا ہم بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش سے پشاور میں شہریوں کو گیس اور بجلی کی سپلائی میں تعطل کا سامنا ہے جبکہ جی ٹی روڈ اور سٹی سرکلر روڈ کے علاوہ بی آر ٹی لائن اور صدر کینٹ میں بھی پانی کھڑا رہا اس طرح شہر کے کئی اوور ہیڈ برجز پر بھی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی جزوی طور پر متاثر ہوئی ۔

مزید پڑھیں:  امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان