چانپیں بنانے کی ترکیب

تیکھے مسالوں میں بنی مزے دار جھٹ پٹ چانپیں

تیکھے مسالوں میں پکی بکرے کی مسالے دار چانپیں اپنے منفرد اور شاندار مزے کے باعث نہایت مقبول ہیں۔ یہ مہکتا ہوا مزیدار پکوان ایک طرح سے شاہی پکوان ہے جسے خاص مواقع یا بڑی تقریبات میں پیش کیا جاتا ہے۔ بکرے کے گوشت اور تیکھے مسالوں کے مزے سے لبریز اس پکوان کو ہلکی پھلکی اشتہا انگیز ڈش کے طور پر بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔

اجزا

  1. بکرے کی چانپیں آدھا کلو
  2. باریک کٹا ہرادھنیا آدھی گٹھی
  3. ہلدی ایک چائے کا چمچ
  4. پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ
  5. ادرک لہسن پسا ہوا دوکھانے کے چمچے
  6. پپیتا پسا ہواکھانے کے تین چمچے
  7. تیل تین کھانے کے چمچے
  8. نمک حسب ذائقہ
  9. المونیم فوئل حسبِ ضرورت

چانپیں بنانے کی ترکیب

پہلے ایک پیالے میں بکرے کی چانپوں پر پپیتا اور حسب ذائقہ نمک لگا کرپندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر اس میں پسی لال مرچ ، ہلدی ، باریک کٹا ہرا دھنیا ،ادرک لہسن اور تیل شامل کردیں ۔ اب حسب ضرورت المونیم کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ لپیٹ کررکھ دیں ۔انگیٹھی میں اچھی طرح سے کوئلے دہکا کر جالی رکھیں اور چانپوں کو اس پر پھیلا دیں ۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد سائیڈ تبدیل کرتےرہیں پندرہ منٹ بعد ایک چانپ کو کھول کر چیک کریں ۔ گل جانے کی صورت میں تمام چانپیں اُتارلیں ۔ اگر کسر لگے تو پانچ منٹ تک مزید سینک لیں ۔ مزے دار باربی کیو چانپ تیار ہے۔