پاکستان سپر لیگ

فتح کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کا فائنل آج ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی اختتامی تقریب شام 6 بجے منعقد کی جائے گی جبکہ فائنل شام ساڑھے 7 بجے آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا ۔ 2017 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں نے ہائی وولٹیج ٹاکرے سے پہلے قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔

ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا، ایک کپتان کی حیثیت سے میں اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ توقع نہیں کرسکتا تھا، دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، انھیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی، امید ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے فینز بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے، گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اس مرتبہ تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیتیں گے۔ رضوان نے مزید کہا کہ میں پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور سپورٹ کرنے پر ملتان سلطانز کے تمام فینز کا شکر گزار ہوں۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 7 کی فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں 3 کروڑ روپے کا اضافہ

کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب ٹرافی پر مرکوز ہیں، ایک ماہ ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی، ملتان سلطانز کی ٹیم بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے اور پھر کامیابی حاصل کرنے سے بڑی کوئی اور خوشی نہیں ہوسکتی، ہر میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر ہم لاہور کی عوام کے مشکور ہیں۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹاکرا کل ہوگا

خیال رہے ملتان نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ لاہور نے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو اب تک رواں سیزن میں شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز کی ہی ہے۔ اس سے پہلے بھی دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ لیگ مرحلے میں مد مقابل آچکی ہیں، جہاں ایک مرتبہ لاہور اور ایک مرتبہ ملتان فتحیاب ہوئے۔