فروری 2022ء کے دوران مہنگائی میں 1.15فیصد اضافہ ہوگیا ،فروری 2021ء کے مقابلے میں فروری 2022ء میں مہنگائی کی شرح 12.24 تک پہنچ گئی ۔وفاقی ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیئے جس کے مطابق فروری 2021ء کے مقابلے میں فروری 2022ء میں مہنگائی کی شرح 12.24فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ رپور ٹ کے مطابق جولائی تا فروری 2021ـ22ء میں مہنگائی کی شرح 10.54ریکارڈ کی گئی ، ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ کے دوران ٹماٹر 191.72، چکن 11.61 اور سبزیاں 10.69فیصد مہنگی ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق پھل 7.32، مچھلی 3.31، دال چنا 2.88اور ویجی ٹیبل گھی 2.68فیصد مہنگے ہوئے،موٹر فیول 4.24، واسنگ پاؤڈر 2.21 اورکلینک فیس میں 1.57فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق خوردنی تیل 2.27، بیسن 2، چاول 1.80اور گوشت 1.25فیصد مہنگا ہوا،ایک ماہ میں بجلی کے نرخ 7.76 اور لیکویفائیڈ ہائیڈروکاربن 3.16فیصد سستا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق انڈے 11.82، آلو 9.68 اور پیاز 8.81فیصد سستا ہوا،مسالحہ جات 6.47، چینی 3.96، اور دال مونگ 0.74فیصد سستی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال ٹماٹر 310 فیصد اور لیکویفائیڈ ہائیڈروکاربن 54.60فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں موٹر فیول 40فیصد اور چاول 11.89 فیصد مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں خوردنی تیل 41.03 ، ویجی ٹیبل گھی 38.82 فیصد مہنگا ہوا،ایک سال میں دال مسور 38.42 ، سبزیاں 33.31 اور گوشت 23.64 فیصد مہنگا ہوا،ایک سال میں دال مونگ 26، مسالحہ جات 14اور چینی 5.43فیصد سستی ہوئی۔