پائے بنانے کی ترکیب

پائے بنانے کی ترکیب

پائے ایک ایسی شاندار ڈش ہے جسکا دل برصغیر کے کھانوں سے جڑا ہے۔ برصغیر کے روایتی اور مقبول ترین کھانوں میں پایوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ پایوں کو پکانے کا عمل تھوڑا سا مشکل تو ہے مگر اس محنت کے نتیجے میں بننے والی شاندار ڈش کو کھانے والے انگلیاں چاٹتے رہ جاتے ہیں۔ گائے، بکری، بھینس یا بھیڑ کے پایوں کی تیاری میں گرم مسالے اور نباتات کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ بہترین اور مزے دار پائے پکانے کے لیے ضروری نہیں ہے کہ آپ صرف بھیڑ کے پائے ہی استعمال کریں۔ اس شاندار ڈش کی تیاری میں گائے، بھینس اور بکرے کے پائے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

گائے کے پائے بنانے کیلئے اجزاء

  • گائے کے پائے دو عدد (بُھنے ہوئے صاف کروا کے بڑے بڑے ٹکڑے کروالیں)
  • دہی ایک پیالی
  • پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ
  • ہلدی ایک چائے کا چمچہ
  • پسا ہوا دھنیا دو کھانے کے چمچے
  • ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے
  • گرم مصالحہ پسا ہوا دو کھانے کے چمچے
  • پیاز درمیانی سائز کی دو عدد باریک کاٹ لیں
  • ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی
  • ہرا دھنیا ایک گھٹی باریک کٹا ہوا
  • ادرک لمبی لمبی باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ
  • لیموں تین عدد
  • تیل یا گھی دو پیالی
  • پائے صاف کرنے کے لئے
  • آٹے کی بھوسی دو کھانے کے چمچے
  • پائے اُبالنے کے لئے
  • لہسن کی ثابت ڈلی ایک عدد بغیر چھلی ہوئی
  • کالی مرچ آٹھ سے دس عدد
  • بڑی الائچی چار عدد
  • نمک حسب ذائقہ

گائے کے پائے بنانے کا طریقہ


سب سے پہلے پائے میں آٹے کی بھوسی ملا کر بیس منٹ کے لئے رکھ دیں۔ پھر خوب اچھی طرح سے دھو لیں۔ ایک بڑی دیگچی میں پائے ڈال کر خوب ڈھیر سارا پانی ڈالیں ساتھ میں لہسن، بڑی الائچی، کالی مرچ اور نمک ڈال دیں۔ پانچ سے چھ گھنٹے کے لئے ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔ جب پائے گل جائیں تو بڑی ہڈیاں نکال دیں۔ چھوٹی ہڈیاں، بوٹی بڑی ہڈیاں کا گودا ملا کر ایک طرف رکھ دیں اور یخنی چھان لیں۔ اب ایک بڑی دیگچی میں تیل گرم کریں۔ پیاز ڈال کر گولڈن براؤن کر لیں۔ جب گولڈن براؤن ہو جائے تو نکال کر اخبار پر پھیلا دیں پھر ہاتھ سے کچل لیں۔ دہی، پیاز، ہلدی، دھنیا، مرچ، ادرک لہسن، گرم مصالحہ ڈال کر ہلکا سا بھون کر پائے ڈال دیں۔ ہلکی آنچ میں پکنے رکھ دیں۔ یہ بات یاد رکھیئے گا کہ جتنی ہلکی آنچ رکھیں گے پائے اُتنے ہی مزیدار ہونگے۔ پندرہ سے بیس منٹ بعد دم پر رکھ دیں۔ اُوپر سے تھوڑی سی کٹی ہوئی ادرک، ہری مرچ، لیموں کا رس، ہرا دھنیا تھوڑا سا گرم مصالحہ ڈال دیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو سمجھ جائیں کہ پائے تیار ہو چکے ہیں۔ گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔