سنجے دت

بھارتی صارفین نےسنجے دت کو ’دہشتگرد‘ قرار دیدیا

بھارتی صارفین نےسنجے دت اور پرویز مشرف کی ملاقات کو کچھ اور ہی رنگ دیدیا۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور بالی وڈ اداکار سنجے دت کی مبینہ ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین غصے سے آگ بگولا نظر آ رہے ہیں۔

مبینہ ملاقات سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ دونوں دبئی میں ملے تاہم تصویر وائرل ہوئی تو بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تصویر کب اور کہاں لی گئی۔

بات کی جائے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی تو وہ اس تصویر پر اپنے غم و غصے کا اظہار مختلف تبصروں سے کر رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تو اس عام سی ملاقات کو کچھ اور ہی رنگ دے دیا اور بالی وڈ سپر اسٹار کو ’دہشت گرد‘ قرار دیا۔

گوتم اگروال نامی ٹوئٹر صارف نے کہا سوچ رہا ہوں کہ کیا اس ملاقات کے بارے میں سکیورٹی ایجنسیز کو معلوم ہے کہ یہ کیوں ہوئی ہے؟

اسی صارف نے بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سنجے دت کو ریاست کے برانڈ ایمبیسیڈر کے عہدے سے فوری ہٹایا جائے۔

خیال رہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف اور بالی وڈ اداکار سنجے دت نے تاحال تصویر پر کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی۔