اسڑابیری یوگرٹ کیک

اسڑابیری یوگرٹ کیک

اسڑابیری دل کی شکل سے مشابہ گلاب کے خاندان سے تعلق رکھنے والی شگفتہ سرخ رنگت اور سر پر سبز پتوں کا تاج لیے ایک ہردلعزیز پھل ہے، جسے صحت کی ضمانت بھی کہا جاتا ہے۔ جدید طبی تحقیقات کے مطابق اسٹرابیری کا روزانہ استعمال انسان کی قوت مدافعت کو بڑھانےاور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسٹرابیری میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں، جو عارضہ قلب اور کینسر جیسے کئی مہلک امراض سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسٹرابیری میں پوٹاشیم اور منرلز ہوتے ہیں جو جسم کا مدافعتی نظام بہتر بناتے ہیں۔

درکار اجزاء:

  • میدہ۔ دو پیالی
  • دہی۔ تین چوتھائی پیالی
  • اسٹرابیری۔ حسبِ ضرورت
  • بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
  • بیکنگ سوڈا۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
  • چینی۔ ایک پیالی
  • شہد۔ دو کھانے کے چمچ
  • چینی (پسی ہوئی)۔ حسبِ ضرورت
  • تیل۔ تین چوتھائی پیالی

ترکیب:

میدے میں بیکنگ پاؤڈر اور بیکنگ سوڈا ملا کر چھان لیں۔ اب ایک پیالی چینی کو پیس کر اس میں دہی اور کوکنگ آئل ملا کر پھینٹ لیں۔ پھر اس میں تھوڑا تھوڑا کرکے میدہ شامل کرتے جائیں۔ اب ایک پین میں تیل لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے آمیزے کو ملاتے ہوئے اس پین میں ڈال دیں۔ اب گرم کیے ہوئے اوون میں 170ڈگری پر ایک گھنٹے کے لیے بیک کریں۔ کیک کو اوون سے نکال کر اسے مکمل ٹھنڈا ہونے پر پین سے نکال لیں۔ نان اسٹک پین میں دو کھانے کے چمچ پسی ہوئی چینی میں ایک چوتھائی پیالی پانی اور ایک کھانے کا چمچ شہد ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ یکجان ہو جائے، پھر اسے گرم گرم کیک پر ڈال دیں۔ اب پین میں دو کھانے کے چمچ اسٹرابیری جام میں ایک کھانے کا چمچ شہد ملا کر ہلکا پگھلا لیں اور اسے کیک پر ڈال دیں۔ آخر میں اس کیک پر پسی ہوئی چینی چھڑک کر تازہ اسٹرابیری سے سجائیں اور پیش کریں۔