ایران ایٹمی ہتھیار

ایران ایک برس سے کم مدت میں ایٹمی ہتھیار تیار کر سکتا ہے،. وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ ایران ایک برس سے کم مدت میں ایٹمی ہتھیار تیار کر سکتا ہے اور یہ بلاشبہ امریکہ کے لیے پریشان کن بات ہے۔
امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران چند ہفتوں میں ایٹمی ہتھیار بنا سکتا ہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ ایران ایک سال سے کم مدت میں ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت رکھتاہے
اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے منگل کے روز قانون سازوں کو بتایا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنا واشنگٹن کے بہترین مفاد میں ہے۔
سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں انٹونی بلینکن سے2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے بارے میں ویانا میں جاری مذاکرات اور بائیڈن انتظامیہ کی کوششوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔
وزیرخارجہ نے یہ دعویٰ کیا کہ ایران کا جوہری ہتھیار کی تیاری کا وقت اس معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کے نتیجے میں ایک سال سے ’’ہفتوں کی بات‘‘ تک چلا گیا۔
انھوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ مئی کے آخرمیں آنے والے یوم یادگار سے قبل ایران سے متعلق کھلی سماعت کریں گے اورہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جوہری معاہدے کومکمل کرلیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس معاہدے میں ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام یا خطے میں اس کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔
اس سے قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باراک اوباما کے دور میں طے پانے والے ایران امریکی جوہری معاہدے کو ختم کر دیا تھا اور ایران پر پابندیاں عائد کیں تھیں۔
صدر جوبائیڈن کے دور کا آغاز ہوتے ہی موجودہ امریکی حکومت نے ایران سے 2015 والے معاہدے کی بحالی کی کوششیں شروع کر دی تھیں۔ دونوں ممالک میں بہت سے نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔

مزید پڑھیں:  دبئی، سیلابی صورتحال، پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ہیلپ لائن سینٹر قائم