وزیراعظم کی عمران خان کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے وزیراعظم کوعمران خان کی سیکیورٹی پر بریفنگ دی ، جس کے بعد وزیراعظم نے راناثنااللہ کوعمران خان کو بہترین سیکیورٹی دینے کی ہدایت کی۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے مقرر سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی پرمکمل عمل درآمد کے لیے کہا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے عمران خان کو چیف سیکیورٹی آفیسر فراہم کرنے اور صوبائی حکومتوں کو بھی عمران خان کو جلسوں کے دوران سیکیورٹی دینے کی ہدایت کردی ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق بنی گالہ پر پولیس اور ایف سی کے 94 ، اسلام آباد پولیس کے 22 ،ایف سی کے 72 ، پی پولیس کے 36 ، گلگت بلتستان پولیس کے 6 اہلکار تعینات ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دو سیکیورٹی کمپنیز کے بھی 35اہلکار بنی گالہ ہائوس کی سکیورٹی پرمامور ہیں ، عمران خان کے اسلام آباد سے باہر جانے پر 4 پولیس اور 1رینجرزکی گاڑی ساتھ ہوتی ہے ، جس میں 23پولیس اور 5رینجرز اہلکار شامل ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ وزارت داخلہ تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کی سکیورٹی کاجائزہ لے رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سلسلے میں واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی اطلاع ہے تو وزارت داخلہ سے شیئر کریں،واضح رہے کہ عمران خان عوامی اجتماعات میں اپنی جان کوممکنہ خطرات کا اظہار کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،وفاقی وزیر قانون