وزیراعظم کی کراچی دھماکے کی مذمت

وزیراعظم کی کراچی دھماکے کی مذمت،دہشتگرد عناصر کوجلد گرفتار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور 16 زخمی افراد سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔وزیراعظم نے ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے لئے وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل موثر بنایا جائے عوام کے جان ومال کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلی سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات شہر قائد کی بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے باعث ایک خاتون جاں بحق، تین پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔پولیس کے مطابق کراچی کے بولٹن مارکیٹ کے قریب کاغذی بازار میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں موقع پرموجود متعدد موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا اور دھماکے کی جگہ پر ساری کپڑے کی دکانیں ہیں۔
دھماکے کے حوالے سے بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دیسی ساختہ ایمپروائس ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی)موٹر سائیکل کی سیٹ کے نیچے نصب کی گئی تھی جس میں 2 کلو کے قریب دھماکا خیز مواد موجود تھا جبکہ اس میں بال بیرنگ بھی شامل کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس دھماکے میں تباہ ہونے والی موٹر سائیکل کے پارٹس جمع کر کے انجن اور چیسسز نمبر چیک کر رہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جا سکے کہ مذکورہ موٹر سائیکل کا چوری یا چھینے جانے کا کوئی مقدمہ درج ہے یا پھر وہ کلیئر ہے۔

مزید پڑھیں:  شدید بارش سے124فیڈرز ٹرپ ،پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر