ہم چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے،عمران خان

صوابی: پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوابی والوں آپ اسلام آباد کے قریب ہو، یہاں کے دلیر نوجوانوں سے اسلام آباد ملنا چاہتا ہوں، ملک کی حقیقی آزادی کے لیے آپ اسلام آباد آئیں گے، جواسلام آباد نہیں آئے گا وہ صوابی میں نکلے گا، غلامی اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت منظور نہیں کریںگے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں نے قربانیاں دیں، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ 80ہزارلوگ قربان کردیئے کیا امریکا نے شکریہ ادا کیا؟ ہمارے فوجیوں کی امریکا سے تین گنا زیادہ شہادتیں ہوئیں، یاد رکھوغلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، امپورٹڈ حکومت امریکی سازش کے تحت مسلط کی گئی، کسی صورت امریکا کے غلام، چوروں، ڈاکوئوں کو تسلیم نہیں کرنا۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ زرداری، شریفوں نے 10 سال حکومت کی، اس دوران بچے، بزرگ مرے، باجوڑ کے مدرسے میں 64 بچے شہید ہوئے، وزیرستان میں ڈرون حملوں میں 60 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، وزیرستان میں جب لوگ بچانے آئے تو دوسرا ڈرون حملہ کر دیا گیا، شادیوں، جنازوں میں ڈرون حملے ہوئے، انہوں نے ایک باربھی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج نہیں کیا۔ کیا امریکا اپنے ملک میں دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون حملہ کرے گا؟ کیا برطانیہ ہمیں متحدہ بانی جیسے دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون کی اجازت دے گا؟سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان دوخاندانوں کواس لیے مسلط کیا گیا ان میں جرات نہیں ہے، دونوں خاندان پیسے کی پوجا کرتے ہیں، یہ کبھی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، یہ کبھی اپنے آقائوں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے اس لیے مسلط کیا گیا، ان کوپتا تھا عمران کبھی بیس نہیں دے گا۔ ان کوپتا ہے عمران خان کا جینا مرنا پاکستان ہے، اس لیے یہ سازش کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، اور 24 ارب کا کیس پکڑا، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہو گا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جاپان پرایٹم بم گرا لیکن اپنے پائوں پر کھڑے ہو گئے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے لیکن پھربھی قوم تگڑی ہے، جب قوم کی اخلاقیات ختم کردی جائے توقوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے، 60 فیصد کابینہ کے لوگ ضمانتوں پر ہیں، کرائم منسٹراوران کے بیٹوں کے خلاف 24 ارب کے کیسز ہیں، کرائم منسٹر کا بھائی مفرور، چور، ڈاکو اور جھوٹا ہے، مفرور کی بیٹی سزا یافتہ اس کو رینجرز کا پروٹوکول مل رہا ہے، جب ایسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھادیا جائے توملک کی اخلاقیات تباہ ہوجاتی ہیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزیروں کو کرپشن کے خلاف پکڑا، ہمارے نبی ۖ نے مسلمانوں کو کہا، اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف جہاد کرو، جب بڑے، بڑے مجرم اقتدارمیں آجائیں تو اس معاشرے کا کوئی مستقبل نہیں،ہم چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ہم صرف ایک چیزچاہتے ہیں الیکشن کرائو، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا۔ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے۔ میں بتائوں گا وہ کونسا زہر ہے جو کھانے میں ملائو تو ہارٹ اٹیک ہوتا ہے۔سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا، صوابی کے لوگوں کوجنون وشعورپرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوابی کے لوگ برے وقت میں بھی میرے ساتھ کھڑے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ یہاں سے صرف ایک لوٹا نکلا، سارے پاکستان کو پتا ہے لوٹا کون ہے، ساری دنیا کے سامنے وہ لوٹے ہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کو بچانے کے لیے نکتے ڈھونڈ رہا ہے۔ اگر یہ لوٹے الیکشن کمیشن سے بچ بھی گئے تو پاکستان کے عوام سے نہیں بچیں گے۔

مزید پڑھیں:  انتخابی مہم کے دوران اخوندزادہ چٹان پر حملہ تشویش ناک ہے، بلاول بھٹو زرداری