وزیراعظم شہباز شریف

سی پیک کونقصان پہنچانے کی کوشش قابل قبول نہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میںوزارت داخلہ حکام، چیف سیکرٹریز، سیکیورٹی اور سی پیک حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم کو چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے بھی فوری اقدامات کیے جائیں، سی پیک کونقصان پہنچانے کی کوشش کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔گذشتہ روز وزیر اعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں دو طرفہ امور سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  میاں نواز شریف آج چین کے دورے پر روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب سے کراچی میں دہشتگردانہ حملہ میں چینی باشندوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا تھا۔ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سائنو ویک کے وفد نے بھی ملاقات کی اور وزیرِاعظم کو ویکسینیشن مہم کے دوران سائنو ویک کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ کمپنی نے پاکستان میں بیماریوں کی تشخیص، بچائو اور علاج میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی، اسٹیٹ کونسل کی ایک ہفتے کی استدعا منظور