وزیرخارجہ بلاول بھٹو

وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا سابق وزیراعظم عمران خان کےدورہ روس کادفاع۔

سابق وزیراعظم عمران خان نےپاکستان کی خارجہ پالیسی کےتحت روس کادورہ کیا،وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری۔
تفصیلات کےمطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نےدورہ امریکا کے دوران نیویارک میں پریس کانفرنس کےدوران سابق وزیراعظم اور اپنےسیاسی حریف عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نےپاکستان کی خارجہ پالیسی کےتحت روس کا دورہ کیا اور کسی کو یہ علم نہیں تھا اس دوران روس اور یوکرائن تنازع کاآغاز ہوجائیگا،
انہوں نے کہا کہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو اس طرح کے اقدام کی سزا دینا انتہائی غیر منصفانہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جانتا ہےکہ اسے اس معاملے پر اقوام متحدہ کے اصولوں پر قائم رہنا ہے، ہم کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتے، درحقیقت ہم امن کی اہمیت پر زور دیتے رہیں گے ۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اس تنازع کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے رہیں گے اور ہم یقینی طور پر اس تناظر میں کسی بھی حملہ آور کا ساتھ نہیں لیں گے اور نہ ہی کسی کا ساتھ دیں گے۔
افغان بحران پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ پاکستان نے افغان عوام کی مدد کی اور لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کی انہوں نےمزید کہا کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری افغان بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرے، ان کا کہنا تھا کہ اگرافغان عوام کی مدد نہ کی گئی اور افغان بحران کے حل میں دیر کی گئی تو افغان بحران میں شدت کا خطرہ اپنی جگہ موجود ہے جس کے خطرناک اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔
وزیرخاجہ بلاول بھٹوزرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق مزید بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے، اپوزیشن کو احتجاج اور سیاست کرنے کاپورا حق ہے لیکن عمران خان انتہا پسندی کی طرف بڑھ رہے ہیں جو کسی بھی طور پر ملک اور قوم کےاور کسی کے مفاد میں نہیں۔

مزید پڑھیں:  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے پشاور پہنچ گئے