پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا گیا

آج 22 مئی کو طلب کیے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہی پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کرلیا گیا، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

ویب ڈیسک (عرفان احمد) پنجاب اسمبلی افسران کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں رات ساڑھے 3 بجے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ پولیس دونوں افسران کوگھروں پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہ کرسکی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے اسمبلی آفیسرز کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی، اہل خانہ کو ہراساں بھی کیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے رائے ممتاز کی گرفتار ی کی شدید مذمت کی اور محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک کے گھروں پر چھاپوں کو حکومتی ہتھکنڈے قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام ایکشن شہباز شریف کے حکم پر ہورہا ہے، پنجاب اسمبلی کے سینئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔
تاہم سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کا طلب کردہ اجلاس ہر صورت ہو کر رہے گا اور اراکان اسمبلی کو کسی صورت اسمبلی آنے سے روکا نہیں جا سکتا۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں،وزیر خزانہ