پشاورمیں50میگاسٹوربند

پرتعیش اشیاء پرپابندی،پشاورمیں50میگاسٹوربندہونے کا خدشہ

وفاقی حکومت کی جانب سے 80پر تعیش اشیاء بیرون ممالک سے منگوانے پر پابندی کی وجہ سے پشاور کارخانو مارکیٹ ایک مرتبہ پھر سے آباد جبکہ شہر کے پوش علاقوں میں قائم بڑے بڑے جنرل سٹورز بند ہونے اور دیگر صوبوں کو سمگلنگ میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس بحران سے بچنے کیلئے متبادل انتظام نہ کرنے پر تاجروں کو تشویش ہے جبکہ اس فیصلہ سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غیر قانونی تجارت میں بھی خوفناک حد تک اضافہ ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ معاشی صورتحال کے باعث وفاق نے80اشیاء درآمد کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اس پابندی کے نتیجے میں حکومت کو سالانہ6ارب ڈالر کی بچت کی توقع ہے لیکن دوسری طرف پر تعیش اشیاء کی قانونی راستوں سے بندش سے پشاور ایک بار پھر اہمیت اختیار کر گیا ہے افغانستان کے ساتھ سرحدی شہر ہونے سے یہاں پر سمگلنگ عام ہے کچھ عرصہ قبل تک پشاور کے مختلف علاقوں یونیورسٹی ٹائون، رنگ روڈ، صدر ،کینٹ اور جی ٹی روڈ پر کسٹم پیڈ غیر ملکی سامان کا کاروبار شروع ہونے سے کارخانو مارکیٹ کی اہمیت کم ہوگئی تھی اس مارکیٹ میں وہ تمام ساما ن کم قیمت پر فروخت ہورہا ہے جو بیرون ممالک سے منگوانے پر پابندی عائد کی گئی ۔

مزید پڑھیں:  صوابی، بھائی کی اپنے سگے بھائی پر گولیوں کی بوچھاڑ

کارخانو مارکیٹ کے تاجر عبدالحمید کے مطابق گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے سے افغانستان سے آنیوالی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوجائے گا ۔ یہاں تاجروں کے پاس سینکڑوں گاڑیاں کھڑی ہیں جن کو اب فروخت کیا جائے گا قبل ازیں یہ گاڑیاں صرف خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بیچی جارہی تھیں جس کیلئے اب ملک کے دیگر شہروں سے بھی ڈیلرز نے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ اس طرح غیر قانونی امپورٹڈ موبائل فونز اور تمام گھریلو الیکٹرانک سامان، ٹشو پیپر، کراکری، سجاوٹی اشیاء فوڈ، جام، جیلی، چاکلیٹ، سن گلاسز اور میک اپ کا سامان بھی کارخانو مارکیٹ میں عام اور سستا ہے اس کی دوبارہ خریداری کا سلسلہ زور پکڑ جائے گاْ۔ پشاور صدر کے تاجر علی نواز کے مطابق میک اپ اور پرفیوم وغیرہ مہنگے ہونے اور اس پر پابندی کی وجہ سے ان کیلئے مستقبل میں کاروبار مشکل ہوگیا ہے کیونکہ سٹاک ختم ہونے کے بعد لوگ یہ سامان خریدنے کیلئے کارخانو مارکیٹ کا رخ کریں گے ۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد ہائیکورٹ، 6ججز کو خطوط کے معاملے پر آج فل کورٹ اجلاس طلب