لانگ مارچ

لانگ مارچ کا آغاز پشاور سے ہوگا ،4لاکھ کارکن جمع کرنے کا ہدف

پی ٹی آئی نےلانگ مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی کو فی کس کم از کم ایک ہزار کارکنوں کو ساتھ لے جانے کا ہدف دے دیا۔ ایم پی ایز کی جانب سے کارکنوں کی حلقہ وار فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں جبکہ کارکنوں کو اسلام آباد وقت سے پہلے پہنچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا بھی بندوبست کر دیا گیا ہے جس کی روشنی میں آج سے کارکن ٹولیوں کی صورت میں اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی جانب سے تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اپنے ساتھ ایک ہزار کارکن لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حساب سے خیبر پختونخوا سے 4 لاکھ سے زائد کارکنوں کو لے جانے کا منصوبہ ہے یہ کارکن تمام حلقہ جات سے جمع کئے جائیں گے جن کے نام بمع ولدیت اور شناختی کارڈز کے نمبرات کے ساتھ پارٹی قیادت کو فہرست کی شکل میں فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں گرفتاری اور پنجاب میں داخل ہونے والے راستوں کی بندش کے خدشات پر کارکنوں کو25مئی سے قبل ہی اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ٹھہرانے کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  کینیا میں ہیلی کاپٹرگر کرتباہ،فوج کے سربراہ سمیت5افسران ہلاک

تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان ظاہرشاہ طورو کے مطابق 25 مئی کوعمران خان پشاورکے جلوس کی خود قیادت کرینگے اور ان کی قیادت میں بڑا قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔ضلع خیبر ، مہمند اور پشاور کے قافلے پشاور سے روانہ ہونگے۔نوشہرہ اور چارسدہ کے قافلے چارسدہ انٹرچینج پر پہنچ کر عمران خان کا استقبال کرینگے، علی آمین گنڈا پور اور ایم پی ایز و ایم این ایز کی قیادت میں ڈی آئی خان ، ٹانک جنوبی وزیر ستان کے قافلے ہکلہ انٹرچینج پر،ملاکنڈ، سوات ، چترال ، دیر ، چکدرہ ، بونیر ، باجوڑ کے قافلے صوابی انٹرچینج پر12 بجے دن کو اکھٹے ہونگے۔اسی طرح مشاق غنی کی قیادت میں ہزارہ ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، تورغر کوہستان اور کوہ پالس کے قافلے برہان انٹر چینج پر پہنچ جائینگے ۔اورکزئی ، کرم ، ہنگو اورکرک کے کارکنان بھی وزرائ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کی قیادت میں روانہ ہونگے۔

مزید پڑھیں:  بنوں: پرچہ آؤٹ کرنے والاامتحانی ڈیوٹی پر مامور استاد گرفتار

انہوں نے کہا کہ قافلوں میں عمران خان کے ساتھ پرویز خٹک، محمود خان ، اسد قیصر ، شہرام ترکئی ، عاطف خان شریک ہونگے جبکہ شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری ، حلیم شیخ ، شاہ فرمان اور دیگر مرکزی قائدین بھی پشاور سے روانہ ہونگے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے چار لاکھ سے زائد کارکن اسلام آباد کا رخ کرینگے ۔