پختونخوا کا رابطہ منقطع کرنے پرصوبائی حکومت برہم

خیبر پختونخوا کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع کرنے کی خیبر پختونخوا حکومت نے انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک کے کسی بھی حصے کو باقی ملک سے الگ کرنا کہاں کا انصاف ہے ؟ پی ٹی آئی اپنی سیاست قوت دکھانے کیلئے اسلام آباد کا رخ کررہی ہے ایسے میں ڈری ہوئی وفاقی حکومت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں گفتگوکرتے ہوئے ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ تحریک انصاف پشاور سے آج اپنا لانگ مارچ شروع کریگی جس کی قیادت سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کرینگے پشاور موٹر وے سے یہ سفر شروع ہوگا جس کیلئے صوابی انٹرچینج ایک انتہائی اہم مقام ہوگا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈر اور خوف کا شکار ہے جس کی وجہ سے انہوں نے خیبر پختونخوا کا رابطہ ملک بھر سے منقطع کردیا ہے وفاقی حکومت کچھ بھی کرلے پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں داخل ہوگی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیگی جو پی ٹی آئی کا آئینی اور قانونی حق ہے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاق میں ڈیرھ مہینہ حکومت کرکے مزے لے لئے ہیں اب بس واپسی کا راستہ اپنائیں اور انتخابات کا اعلان کرائیں جب تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوگا یہ جدوجہد جاری رہیگی۔

مزید پڑھیں:  ایران سے بڑا سیلابی ریلا پاکستان میں داخل،آبادی کو خطرہ