شمالی وزیرستان میں پولیوکاچوتھا کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا سے رواں سال کا چوتھا پولیو کیس رپورٹ کر دیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شمالی وزیر ستان میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران یہ چوتھا کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں بچوں کی جسمانی معذوری کی شکایات پر ڈاکٹروں نے دو مرتبہ نمونے لئے تھے اور ان نمونوں کو تجزیہ کے لئے بھیجا گیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ نمونوں کی چھان بین کا سلسلہ جاری ہے جس میں گذشتہ روز میر علی سے تعلق رکھنے والے13ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بچے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے پولیو سے بچائو کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں برس دنیا میں پولیو کے پانچ کیس رپورٹ کئے گئے ہیں جن میں سے ایک کیس ملاوی جبکہ4کیس پاکستان سے رپورٹ کئے گئے گئے ہیں ۔ پاکستان میں تمام کیس ضلع شمالی وزیر ستان سے رپورٹ کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ ضلع کو پولیو کا گڑھ قرار دیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ کے احکامات نظر انداز، ٹانک میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری