ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ ،پاکستان کی ٹیم کل چوتھے میچ میں عمان کا مقابلہ کریگی

انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری مینز ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل تین میچ کھیلے جائینگے، انڈونیشیا کا مقابلہ جنوبی کوریا،بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا جبکہ پاکستان کی ٹیم کل عمان کیخلاف میچ کھیلے گی، پاکستان کی ٹیم ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ قومی ہاکی ٹیم آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے، پاکستان کی ٹیم جس کا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف ایک ایک گول سے برابر رہا تھا نے دوسرے میچ میں انڈونیشیا کی ٹیم کو تیرہ صفر سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں اسے جاپان کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو تین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت کی ٹیم جسے سیمی فائنل مرحلے تک کوالیفائی کرنے اور پاکستان کا راستہ روکنے کیلئے انڈونیشیا کیخلاف سولہ صفر سے جیت درکار تھی نے یہ ہدف حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور روایتی حریف پاکستان کو نہ صرف سیمی فائنل دوڑ سے باہر کیا بلکہ آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ میں کوالیفائی کرنے سے بھی روک دیا۔