محکمہ صحت نے لیڈی ریڈنگ نرسنگ کالج انتظامی اور مالیاتی امور کی خودمختاری کیلئے ایم ٹی آئی لیڈی ریڈنگ کو مستقل طور پر حوالہ کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی گئی ہے اس سلسلے میں جلد ایک اعلامیہ جاری کردیا جائے گا جس کی روشنی میں ایم ٹی آئی سروس اختیار نہ کرنے والے تمام سرکاری سٹاف محکمہ صحت کو واپس کردیا جائے گا بتایا جارہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر نرسنگ کالجز بھی پی ایچ ایس اے کے اختیار سے لے کر متعلقہ ایم ٹی آئی ہسپتالوں کو منتقل کئے جائیں گے.
ذرائع کے مطابق ایل آر ایچ سمیت صوبے کے9نرسنگ کالجز پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے تحت چل رہے ہیں تاہم صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کالجز کو بھی متعلقہ ایم ٹی آئیز کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے محکمہ صحت کا اختیار ختم کردیا جائے اس کیلئے کئی مہینے قبل آزمائشی طور پر ایل آر ایچ نرسنگ کالج کی ہسپتال کو حوالگی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کیخلاف نرسنگ سٹاف اور ملازمین کی جانب سے احتجاج پر ایک کمیٹی بنائی گئی تھی اور کالج کی ہسپتال کو حوالگی کا فیصلہ معطل کیا تھا ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس مسئلے پر دوبارہ غور کیا گیا اور متفقہ طور پر یہ نرسنگ کالج ایل آر ایچ کو دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے .
اس فیصلے کے نافذ ہونے کے بعد کالج سٹاف کو ایم ٹی آئی یا سرکاری ملازمت میں سے کسی ایک کے انتخاب کا موقع دیا جائے گا بصورت دیگر یہ سٹاف ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو واپس کردیا جائے گا ذرائع نے بتایا کہ مرحلہ وار طور پر دیگر کالجز بھی پی ایچ ایس اے سے لئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں ملازمین کی ایک بڑی تعداد سرپلس پول میں چلی جائے گی۔