تباہ ہونیوالے نیپالی طیارے سے 14لاشیں نکال لی گئیں،مزید تلاش جاری

نیپال کے امدادی کارکنوں نے گذشتہ روز کریش ہونے والے طیارے کے حادثے کی جگہ تلاش کر لی ہے، جہاں فی الحال ہلاک ہونے والے 14 افراد کی نعشیں نکالی جا سکی ہیں۔نیپالی دارلحکومت کھٹمنڈو کے تری بھوان انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ترجمان ٹیک راج سیتالہ نے بتایا مزید لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔نیپال کی نجی ایئر لائن کا طیارہ اتوار کی صبح پرواز کے دوران لاپتہ ہوگیا، طیارے میں 22 مسافر سوار تھے۔
طیارے میں 13 نیپالی شہری، 4 بھارتی، 2 جرمن اور پائلٹ سمیت 3 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔طیارے نے دارالحکومت کھٹمنڈو سے 200 کلومیٹر دور پوکھرا کے علاقے سے جوم سوم شہر کے لیے صبح سوا 10 بجے اڑان بھری اور 15 منٹ بعد ہی کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ جوم سوم کے قریب ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
جہاز کے ممکنہ طور پر سطح سمندر سے 13 ہزار فٹ بلند پہاڑی سے ٹکرانے کا شبہ کیا جا رہا ہے۔نیپال کی وزارت داخلہ کے مطابق لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے دو نجی ہیلی کاپٹرز روانہ کئے گئے جبکہ نیپالی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر بھی آپریشن میں شامل تھا۔

مزید پڑھیں:  چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے حلف اٹھا لیا