ابابیل فورس میں مزید بھرتیوں

ابابیل فورس میں مزید بھرتیوں ،ڈرگ مافیا کیخلاف کارروائی کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمودخان کی زیر صدارت پیر کے روزصوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں حالیہ دنوں میں رونما ہونے والے بد امنی کے چند واقعات کے خصوصی تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور بد امنی کے واقعات کی موثر روک تھام کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ خوشحال خان، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود، سی سی پی او پشاور اعجاز خان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکائکو بدامنی کے واقعات کے اصل محرکات اور ان کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں اور کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔اجلاس میں حال ہی میں قائم کی گئی ابابیل فورس کیلئے مزید بھرتیاں کرنے اور صوبے کے بعض حصوں میں منشیات کی کاشت کے تدار ک کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :سینیٹ کی 11نشستوں پر 42امیدواروں کے کاغذات جمع
مزید پڑھیں:  امریکہ کی شمالی شام پر بمباری،فوجیوں سمیت8افراد ہلاک

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ منشیات کاشت کرنے والے افراد کو متبادل روزگار دینے کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ امن و امان کے حوالے سے ضلع خیبر ، شمالی وزیرستان اور باجوڑ پر خصوصی توجہ دی جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔